پاکستان،ازبکستان کا دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ سلامتی کمیشن کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان اور ازبکستان نے سلامتی سے متعلق معاملات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کیلئے ایک مشترکہ سلامتی کمیشن کے قیام سے متعلق ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب  اسلام آباد میں ہوئی جس کے بعد کمیشن کا افتتاحی اجلاس ہوا۔

پاکستان نے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف اور ازبکستان کی سلامتی کونسل کے سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل وکٹر محمودوف نے اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کی ۔

افتتاحی تقریب کے دوران دونوں فریقوں نے نئے قائم کئے گئے مشترکہ کمیشن کے متعدد امور اور کمیشن کو موثر اور باہمی طور پر مفید بنانے کیلئے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ افغانستان میں ابھرتی ہوئی صورتحال اور تعمیری روابط برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشترکہ سکیورٹی کمیشن کا دوسرا اجلاس اگلے سال ازبکستان میں ہوگا