وزیراعظم نے امدادی قیمت سے کم پرکپاس کی خرید کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکومت کی  جانب سے کپاس کی مقرر کردہ امدادی  قیمت سے کم پر خرید کا نوٹس لے لیا۔وزیراعظم نے اپنے بیان میں میں واضح کیا ہے کہ حکومت نے کپاس کے کسانوں کو سپورٹ کرنے کے لئے کپاس کا کم سے کم نرخ مقرر کیا تھا لیکن دیکھا جا رہا ہے کہ بعض جگہ کپاس اس سے کم قیمت پر خریدی جا رہی ہے ۔

ملک میں کپاس کی فصل اچھی ہونا خوش آئند ہے، لیکن اس کاتمام تر فائدہ کسان تک پہنچنا چاہیے ۔وزیراعظم نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو اس کا نوٹس لینے اور فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت کی واضح ہدایت ہے کہ کپاس کی خرید حکومت کی جانب سے طے شدہ قیمت پر ہی ہو تا کہ کسان کو نقصان سے بچایا جا سکے ۔