ہنگو: تحصیل ٹل میں سی ٹی ڈ ی کی کارروائی ،4 دہشتگرد ہلاک،4فرار


ہنگو(صباح نیوز)ہنگو کی تحصیل ٹل میں کاؤنٹرٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ( سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے 4 دہشتگرد  ہلاک اور 4فرار ہو گئے ۔

سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن کے ترجمان کے مطابق دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی سرچ آپریشن سے واپسی پر فائرنگ کی۔ جوابی کارروائی کے دوران 4دہشتگرد مارے گئے اور4 فرار ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کے امیر حاتم گروپ سے بتایا گیا

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت صادق اللہ عرف القائدہ ، احمد رحیم عرف سعود، صمیم سعید عرف استاد اور مصطفی خان عرف ملا سے نام سے ہوئی۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد مقدمات میں مطلوب تھے۔دہشت گرد انسداد پولیو ٹیم پرحملوں، پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دہشت گردوں سے چارایس ایم جی، 16 چارجر،4 بنڈولیر اور سینکڑوں کارتوس برآمد ہوئے ۔