کھادوں کی قلت، یوریا ڈی اے پی نا یاب ہو گئی،کسان بورڈ


فیصل آباد(صباح نیوز)  کسان بورڈ کے ضلعی صدر علی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ کھادوں کی قلت، یوریا ڈی اے پی نا یاب ہو گئی۔

گندم کی کاشت بری طرح متاثر ہونے کا خطرہ اوررواں سال گندم کے بڑے بحران کا خدشہ ہے۔ایک بیان میںانہوں نے کہاکہ فیصل آباد ریجن میں یوریا اور ڈی اے پی کھادوں کی شدید قلت پیدا ہو گئی، حکومت کی جانب سے بروقت اقدامات نہ کرنے پر غذائی قلت بھی پیدا ہوسکتی ہے۔

گندم کاشتکاروں کے مطا بق کھادوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں حکومت نے ٹیوب ویل کے لیے بجلی کے نر خ بھی بڑھا دیے جس کی وجہ سے گندم کی پیداواری لاگت مین کئی گنا اضافہ ہو گیاہے حکومت گندم کی امدادی قیمت بڑھائے ورنہ گندم کے بڑے بحران کے لیے تیار رہے۔ملک میں کھاد کے سنگین بحران سے ملک کو غذائی قلت کا سامنا ہے لیکن حکومت نام کی چیز نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے کہا کہ یوریا کھاد کی بوری 2500 اور ڈی اے پی10 ہزار روپے میں بھی نہیں مل رہی جبکہ ملک میں گندم کی بوائی 90 فیصد سے زائد مکمل ہو چکی ہے۔ ایسے میں کھاد مافیا کو کھلی چھٹی دینے والی حکومت مجرمانہ طرز عمل کی مرتکب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی مہنگائی میں چکی آٹے کی قیمتیں پہلے ہی 80 سے 85 روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ حکومت ملک کو گیس بحران مہنگائی کے بعد غذائی قلت کا تحفہ بھی دینے جا رہی ہے ۔