اسلام آباد(صباح نیوز)یو ایس ایڈ ڈپٹی مشن ڈائریکٹر ڈیوڈ ینگ کا کہنا ہے کہ سنگل ونڈو نظام سے پاکستان اور امریکا کے درمیان شراکت داری میں ایک اور اہم سنگ میل عبور ہوا، امریکا پاکستان کی تجارتی امورمیں بہتری اور معاونت کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان سنگل ونڈو نظام لانچنگ سے متعلق تقریب کا انعقاد کیا گیا ،
تقریب سے یو ایس ایڈ ڈپٹی مشن ڈائریکٹر ڈیوڈ ینگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان اور امریکا میں شراکت داری میں ایک اور اہم سنگ میل عبور ہوا، امریکا پاکستان کی تجارتی امورمیں بہتری اور معاونت کیلئے پرعزم ہے۔
ڈیوڈینگ کا کہنا تھا کہ نیا نظام پاکستانی تجارت کو وسعت دینے میں مدد دے گا، مستحکم اور ترقی کرتا ہوا پاکستان چاہتے ہیں۔دوسری جانب تقریب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹراسٹیٹ بینک سلیم اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا اس نظام سے کراس بارڈر تجارت آسان ہوکر بڑھ جائے گی ، اسٹیٹ بینک تجارتی اورکاروباری آسانیوں کیلئے کوشاں ہے۔سلیم اللہ کا کہنا تھا کہ ادائیگیوں اورٹیکسزسمیت دیگرامورمیں آسانی ہوسکیگی، ٹیکس گزاروں اورتاجروں کیلئے بینکاری امورآسان کردیے، آٹومیشن کی وجہ سے تجارتی تنازعات کم سے کم ہوگئے ہیں۔
یاد رہے صدر مملکت نے پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ 2021 پر دستخط کئے تھے ، پاکستان سنگل ونڈو ایکٹ کے تحت تجارت میں آسانی کے لیے خود مختار ادارہ قائم کیا جائے گا، جس کے بعد درآمدات، برآمدات، اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے لیے سہولتیں ایک ہی نظام میں میسر ہوں گی۔ایکٹ کے تحت اس ادارے کے قیام سے کاروباری اخراجات میں کمی ہوگی، سرحد پار تجارت آسان بنانے اور سامان کی تیز تر ترسیل میں مدد ملے گی، ڈیٹا کی بر وقت پراسیسنگ، اور معیاری خدمات میں بہتری آئے گی۔