صدرجماعتِ اسلامی یوتھ لورالائی کی قیادت میں مہنگائی مخالف ریلی اسلام آباد پہنچ گئی


اسلام آباد (صباح نیوز) جماعتِ اسلامی یوتھ ضلع لورالائی (بلوچستان) کے صدر محمد ولی صباون کی قیادت میں ملک میں پٹرول، ڈیزل، آٹا، چینی، گھی، دالوں، گوشت اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں ناقابل برداشت آئے روز بڑھتی ہوئی قیمتوں، بے تحاشا مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف لورالائی (بلوچستان) سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچنے والی پُرامن سائیکل ریلی کے شرکاء نے پریس کلب اسلام آباد کے سامنے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اس منفرد اور تاریخی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قائدین اور دیگر مقررین نے کہا کہ ملک میں مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح کو چھورہی ہے، غربت اور بیروزگاری نے گھر گھر ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ جان لیوا مہنگائی کے مارے عوام خودکشی کرنے اور اپنا پیٹ پالنے کے لیے اپنے جگر گوشوں کو بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ملکی آبادی کی اکثریت اشیائے ضروریہ کی خریداری کی سکت نہیں رکھتی۔

لورالائی سے شروع ہونے والی اس تاریخی سائیکل ریلی کا مقصد ملک پر اس وقت مسلط بے حس، بے حمیت اور عوام دشمن حکمرانوں کو خوابِ غفلت سے بیدار کرنے اور انہیں اُن غریبوں کے دکھ درد کا احساس دِلانا ہے جن کے ووٹوں سے آج یہ حکمرانی کے نشے میں بدمست ہوکر پے درپے اُن پر مہنگائی اور بیروزگاری کے بم گرائے جارہے ہیں۔

مقررین نے کہا کہ صوبہ بلوچستان بالخصوص ژوب ڈویژن کے عوام تعلیم، صحت، صاف پانی، گیس، بجلی اور دیگر انسانی ضروریات سے محروم زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ تھانہ سخی سرور میں انتظامیہ صوبائی حکومت کی طرف سے جو آٹا اور گندم تقسیم کررہی ہے اس پر ڈیڑھ لاکھ روپے ٹیکس لیا جاتا ہے، جس کا بوجھ بلوچستان کے غریب پر پڑتا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں اس معاملے کا فوری نوٹس لے۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخی ریلی نے 14 اکتوبر 2021ء کو ضلع لورالائی سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور موسیٰ خیل، بارکھان، ٹمنڈو، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، راولپنڈی سے ہوتا ہوا 19 روزہ سفر کے بعد کل 1170 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے یکم نومبر 2021ء کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔

آخر میں انہوں نے دورانِ سفر ریلی کا استقبال کرنے والے تمام محب دین، محب وطن پاکستانیوں، مختلف اضلاع میں استقبالیہ کیمپوں کے منتظمین، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا، سوشل میڈیا ارکان سمیت اور اُن تمام پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تاریخی سائیکل ریلی کے شرکاء کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔