زیارات کی آڑ میں انسانی سمگلنگ کرنے والے بین الاقوامی گروہ کا سرغنہ گرفتار


گوجرانوالہ(صباح نیوز) ایف آئی اے نے کارروائی کرکے زیارات کی آڑ میں انسانی سمگلنگ کرنے والے بین الاقوامی گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے کے انسداد انسانی سمگلنگ سیل گوجرانوالہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سمگلرز کے سرغنہ کو گرفتار کیا۔ ملزم نے متاثرین پر تشدد کرکے کروڑوں روپے وصول کئے۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون سرفراز ورک کی ہدایت پر انسانی سمگلرز کی گرفتاری کے لئے کریک ڈائون جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی ہیومن سیل نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ کے گھناؤنے جرم میں مطلوب ملزم رضوان شاہ کو گرفتار کیاجو متاثرین پر تشدد کرنے میں ملوث تھا۔

ملزم متاثرین کو عراق میں غیر قانونی حراست میں رکھنے میں بھی ملوث بتایا جاتا ہے۔ ملزم متاثرین کو اغوا کر کے مزید رقم کا تقاضا کرتا تھا۔متاثرین پر تشدد کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں، جس کے بعد حکام نے متاثرین کے لواحقین کے حوالے سے معلومات حاصل کر لی ہیں۔

ملزم رضوان شاہ کی گرفتاری کے لئے گزشتہ 7 دن سے چھاپا مار کارروائیاں جاری تھیں۔ نوشہرہ ورکاں سے ہونے والی گرفتاری جدید و تکنیکی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عمل میں لائی گئی۔ ملزم کی شناخت و گرفتاری میں حساس ادارے کی معاونت قابل ستائش ہے۔

ملزم ایک گروہ کے طور پر کام کر رہا تھا۔ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ملزم کے خلاف امیگریشن آرڈیننس اور سمگلنگ آف مائیگرینٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، اس سلسلے میں مزید تفتیش جاری ہے۔