بھارت نے دریائے ستلج میں بھی پانی چھوڑدیا، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور(صباح نیوز) بھارت نے دریائے ستلج میں بھی پانی چھوڑ دیا، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بھارت نے ہریکے کے مقام سے 70614 کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا ہے، آج رات تک یہ پانی ضلع قصور میں گنڈا سنگھ کے مقام سے پاکستانی حدود میں داخل ہو گا۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عمران قریشی کی جانب سے قصور، اوکاڑہ، وہاڑی  اور پاکپتن کے  ڈپٹی کمشنرز  کو پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت  کرتے ہوئے کہا گیا  ہے  کہ تمام اضلاع  میں ریلیف کیمپس کا قیام عمل میں لائیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے مزید ہدایت کی گئی ہے کہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں تا کہ پیشگی انتظامات کے ذریعے لوگوں کے جان و مال کو یقینی بنایا جا سکے۔پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ  دریاوں اور نہروں کے قریب جانے سے گریز کریںدوسری جانب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر قصور کے مطابق آئندہ 12 سے 16 گھنٹے میں 50 ہزار کیوسک پانی گنڈا سنگھ سے گزرے گا، بھارت سے چھوڑے جانے والے پانی کا 70 فیصد گنڈا سنگھ ہیڈ پہنچے گا۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی کا کہنا ہے کہ ستلج میں بھارتی آبی جارحیت کے بعد صورت حال کنٹرول کریں گے ،تمام محکمے الرٹ اور کیمپوں میں امداد جاری ہے