مہنگائی نے مزدوروں اور چھوٹے سرکاری ملازمین کو فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور کردیا ،شمس الرحمن سواتی

لاہور( صباح نیوز )نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان(این ایل ایف) کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ مہنگائی نے مزدوروں اور چھوٹے سرکاری ملازمین کو فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ موجودہ تنخواہ میں گزارہ ناممکن ہے۔پنجاب کی حکومت فی الفور تنخواہوں میں 35% اضافے لیو انکیشمنٹ کی ادائیگی جاری بیسک تنخواہ اور پنشنز میں اضافے کا اعلان کرے ۔ جب تک سرکار ملازمین کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے ہم ان کے شانہ بشانہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان میں چھ کروڑ دیہاڑی دار اور ڈیڑھ کروڑ ملوں کارخانوں کا ملازم مزدور اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ ہم سر کاری ملازمین سے ان کے حقوق کے حصول کیلئے حمایت کی توقع رکھتے ہیں۔ یہ ملازمین کم ازکم اُجرت اور سوشل سکیورٹی سے اور دیہاڑی دار مزدور ہر سہولت سے محروم ہیں۔ ان کو حقوق دلوانے کے لئے جگہ جگہ احتجاج ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ کے سامنے سرکاری ملازمین کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے  سے میڑو کارپوریشن یونین سی بی اے خدمت گروپ کے صدر گل زمان خان سواتی ، چوہدری حسیب الرحمان ایڈووکیٹ ، محمد احمد و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ احتجاج میں این ایل ایف سے ملحقہ یونینز کے ہزاروں مزدوروں نے سرکاری ملازمین کے دھرنے میں شرکت کی ۔

شمس الرحمن سواتی کا کہنا تھا کہ ہم ساڑھے سات کروڑ مزدوروں کی طرف سے پنجاب کے سرکاری ملازمین کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں۔آپ بھی ان مظلوم مزدوروں کے حق کیلئے ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔ شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ پاکستان کا اشرافیہ آدھا بجٹ اپنی شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ پر خرچ کرتا ہے ۔ ایک دیوالیہ ملک کے ساتھ یہ سلوک نا قابل برداشت ہے۔ اس لیے 75 سال سے مسلط جاگیرداروں ، سرمایہ داروں اور افسر شاہی پر مشتمل ٹرائیکا کی خدمت مسترد کرکے نظا م مصطفی  متحد ہو کر جدو جہد کریں۔