امت کی ذمہ داری قرآن وسنت کا نظام نافذ کرنا ہے، حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز) جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں منعقدہ تین روزہ تربیت گاہ میں اختتامی خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ہم سب کو اپنے اہل و عیال اور عزیز و اقارب کو دوزخ کے عذاب سے بچانے کے لیے عملی جدو جہد کرنا ہو گی۔اسلامی آداب،نیکی اور بدی کا تصور اور اپنے تمام فرائض کی ادائیگی کا احساس و شعور اہل و عیال کے لیے سب سے بڑا اور قیمتی ترین ہدیہ ہے۔ہم مسلمان ہیں تو پھر پوری زندگی اسلامی حکام کے مطابق گزارنا چوائس نہیں فرض ہے۔

حافظ محمد ادریس نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں امن اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب انسان اپنے خالق و مالک کی حکمرانی کو تسلیم کر لیں۔اللہ نے اپنے نبیوں کے ذریعے پوری انسانیت تک اپنے احکام پہنچائے۔حضرت محمد ۖ پر نبوت و رسالت کا سلسلہ مکمل ہو گیا۔آپ ۖ کے بعد کوئی بھی شخص نبوت کا دعوی کرے یا ایسے کسی شخص کی پیروی کرے تو وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔پیغمبر اسلام ۖ نے ہر انسان کے بنیادی حقوق کی ضمانت دی خواہ وہ مسلمان ہو یا غیر مسلم،اس کے ساتھ آپ ۖ نے یہ بھی فرمایا کہ مقدسات کی بے حرمتی کا جرم نا قابل معافی ہے۔قرآن پاک اللہ کا کلام ہے اس کی بے حرمتی گویا خود اللہ کی بے حرمتی کے مترادف ہے۔جو لوگ قرآن کو جلا کر اپنی شیطانی صالیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں ان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔یہ اللہ کی پکڑ سے ہر گز نہیں بچ پائیں گے۔دوزخ کی آگ ان کا مقدر ہے اس وقت ایک اہم سوال ہر مسلمان کے جواب کا طلبگار ہے کہ غیر مسلم اور قرآن دشمن تو شیطان کے چیلے ہیں ہم مسلمان تو اللہ و رسول ۖ اور قرآن کے ماننے والے ہیں پھر ساری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں اللہ و رسول ۖ کے دیے ہوئے نظام اور قرآن کی تعلیمات کا نفاذ کیوں نہیں ہے ؟ہمیں قرآن و سنت اور شریعت اسلامیہ پر عمل کرنے کے نتیجے میں نجات ،عزت اور کامیابی مل سکتی ہے۔