الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ نے ڈپلومہ مکمل کرنے والی خواتین میں سلائی مشینیں تقسیم کیں


 لاہور (صباح نیوز)ہنرمند خواتین ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔الخدمت خواتین کو روز گار کے قابل بناکر نہ صرف بے روز گاری کے خاتمہ بلکہ خواتین کو اپنے پاؤں پر کرنے میں بھی معاون ہے ۔

ان خیالات کا اظہار الخدمت کمیونٹی سینٹر میں شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام سلائی ڈپلومہ اور سلائی کورس مکمل کرنے والی خواتین میں تقسیم اسناد و تحائف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام مینیجر سمیرا چھاپرا نے کیا ۔

تقریب میں پی پی ناظمہ قدر نظیف، الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کی پریزیڈنٹ صائمہ شبیر اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔اس موقع پر ڈپلومہ و سلائی کورس مکمل کرنے والی خواتین میں سلائی مشینیں اور تحائف تقسیم کرنے کے علاوہ دوران ٹرینگ ان خواتین کے ہاتھوں کی بنی ہو مصنوعات اور ملبوسات کی نمائش بھی کی گئی۔

سمیر چھاپرا نے کہا کہ  زندگی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جہاں خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا نہ منوایا ہو۔پہلا موقع ہے کہ ملک کی اعلی ترین عدالت سپریم کورٹ میں بھی دو خواتین ججوں کی تعیناتی کی گئی ہے اور اب وہ انصاف فراہم کرنے کے اعلی ترین منصب پر بھی فائز ہو گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت ویمن  ونگ کے زیر اہتمام فنی تعلیم حاصل کرنے والی سینکڑوں خواتین نہ صرف ملک و ملت کی ترقی میں کردار ادا کررہی ہیں بلکہ اپنی فیملیوں کی کفالت کےفرائض بھی سر انجام دے رہی ہیں