پی ایف یو جے کے صدر افضل کی والدہ انتقال کر گئیں۔ ککھڑ منڈی کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک،سیاسی،سماجی ،مذہبی و صحافتی شخصیات کا اظہار تعزیت

اسلام آباد، گجرانوالہ (صباح نیوز)پی ایف یو جے کے صدر افضل کی والدہ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئی۔انہیں گجرانوالہ کی تحصیل ککھڑ منڈی کے قبرستان انوار مدینہ نورا کوٹ میں سپرد خاک کیا گیا۔مرحومہ کے نماز جنازہ میں سیاسی،سماجی ،مذہبی و صحافتی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مختلف سیاسی ،مذہبی رہنماؤں کے علاوہ صحافتی تنظیموں کے لیڈروں نے بھی افضل بٹ سے ان کے والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کی۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے پاکستان یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے افضل بٹ کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ جاری تعزیتی پیغامات میں ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی وفات کو افضل بٹ اور ان کے اہلخانہ کے لیے بڑا صدمہ اور ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ والدہ قدرت کا انمول تحفہ ہیں ان کا بچھڑ جانا بڑا سانحہ ہے جسے مدتوں پورا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے افضل بٹ سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ غم اور دکھ کی اس مشکل گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اللہ تعالی سے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے افضل بٹ اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افضل بٹ کی والدہ کے انتقال کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، والدہ کا انتقال بہت بڑا سانحہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق ،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر،وزیر حکومت سید بازل نقوی اور دیگر رہنماوں نے بھی افضل بٹ سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔