سری نگر: بھارتی فوج نے اکتوبر2021 کے دوران 22 کشمیریوں کو شہید کر دیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 22 کشمیریوں میں ماورائے عدالت شہید ہونے والے 12 نوجوان بھی شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان شہادتوں کے نتیجے میں دو خواتین بیوہ اور سات بچے یتیم ہو گئے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے اس دوران پرامن مظاہرین پر گولیاں، پیلٹ اور آنسو گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم از کم ایک درجن افراد زخمی ہوگئے۔
بھارتی فوج،پیراملٹری فورسز، پولیس اور بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے مختلف علاقوں میں محاصروں اور تلاشی کی 309 کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران1140 افراد کو گرفتار کیا اور 6 رہائشی مکانات اور عمارات کو تباہ کیا یا نقصان پہنچایا۔