پیرس(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن کی ترقی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانیز اپنے ملک کے خلاف جھوٹ بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں، 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکارہے ہیں، ایک سال میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں، پاکستان کی معاشی خودمختاری، ترقی اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے فرانس میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستان بزنس فورم کے نمائندوں نے بھی موجود تھے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن کی ترقی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں، گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ، بے روزگاری اور مہنگائی آسمان پر پہنچا دی گئی، پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، ایک سال کی مسلسل محنت سے خارجہ تعلقات بحال کئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل بنادی ہے، پاکستان کی معاشی خودمختاری، ترقی اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کریں، 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکارہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے ملک کے خلاف جھوٹ بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ ملاقات میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔ فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم کو گلدستہ بھی پیش کیا۔