سرد موسم اور سرد رویے افغانستان میں سنگین بحران کو جنم دے سکتے ہیں۔ دنیا کو آگاہ اور خبر دار کرنے کے لئے یہ وارننگ بہت سارے عالمی ادارے دیئے چلے جا رہے ہیں۔ اور اگر افغانستان کے انسانی و معاشی بحران کو روکا نہ گیا تو اس کے خطرناک نتائج خطے کے تمام ممالک اور اس میں رہنے والے سارے ہی لوگوں کو بھگتنا پڑیں گے۔اقوام متحدہ کا اقوام عالم کو متوجہ کرنے کا اپنا انداز ہے۔مگر ہم جو افغانستان کے ساتھ صدیوں سے مضبوط تہذیبی، تاریخی ، تمدنی اور دینی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اپنے بھائیوں کی آزمائش کی گھڑیوں میں ان سے کیسے لا تعلق رہ سکتے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن اور پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم پیما نے آج مشترکہ طور پر پانچ کروڑ سے زائد مالیت کی ناگزیر ادویات لاہور سے براستہ طور خم کابل کے لئے روانہ کر دی ہیں۔الحمد للہ اس سے قبل ہم آپ کے تعاون سے دو بار کروڑوں مالیت کی خوراک اورگرم کپڑے مصیبت میں گھِرے افغان بھائیوں کوبھجوا چکے ہیں۔ اس وقت افغان بہن بھائیوں کو بڑی مقدار میں خوراک، گرم لباس اور ادویات کی فوری اوراشد ضرورت ہے۔ میں اپنی پاکستانی بہنوں اور بھائیوں سے جلد اور فراخ دلانہ مدد کا طلبگار اور آرزو مند ہوں۔ ایسا نہ ہو کہ درد بنے دردِ لا دوااور یسا نہ ہو کہ ہم بھی مداوا نہ کر سکیں۔محمد عبدالشکور صدر الخدمت فائونڈیشن پاکستان
Load/Hide Comments