مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی دہشت گردی ،ایک اور کشمیری نوجوان شہید


سرینگر (کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میںقابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ہفتہ کو ضلع پونچھ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔جبکہ  د و مختلف مقامات پر ایک خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں

کے پی آئی کے مطابق ضلع پونچھ میں قابض فوج کا آپریشن جاری ہے اس دوران  قابض فوجیوں نے ایک نوجوان کو ضلع کے علاقے مینڈھر میں تلاشی آپریشن کے دوران شہید کیا۔آخری اطلاعات تک آپریشن جاری تھا۔ علاوہ ازیں مقبوضہ جموںوکشمیر  میں د و مختلف مقامات پر ایک خاتون سمیت دو افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں ، ضلع اسلام آباد میں ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

خاتون کی لاش گذشتہ روز ضلع کے علاقے ککر ناک میں نالہ برینگی سے برآمد ہوئی ۔ مقامی لوگوںنے لاش دیکھتے ہی پولیس کو آگاہ کیا جس نے موقع پر پہنچ کر اسے تحویل میں لے لیا۔ لاش کی شناخت دہرونہ اسلام آباد کی رہائشی صبا بیگم کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے رپورٹ درج کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

دریں اثنا جموں خطے میں ضلع راجوری کے جنگلاتی علاقے سے بھی  ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ لاش کی شناخت ظفر اقبال کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس نے لاش ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔