اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ نے آبی ذخائر اور آبی گزرگاہوں کی بحالی کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فصلوں کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنا کر گندم اور دیگر زرعی اجناس کی درآمد پر خرچ ہونے والے اربوں ڈالر بچائے جا سکتے ہیں، آبی ذخائر کی تعمیر اور پانی کے استعمال کے لئے جدید طریقوں کو اپنانا ہوگا۔انہوں نے یہ ہدایت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں آبی ذخائر کی بحالی کے کام پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ممکن بنائیں تاکہ پانی کی وافر دستیابی اور ترسیل سے زراعت اور دیگر شعبے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ 15 دن کے اندر مکمل فزیبلٹی رپورٹ پیش کریں اور پی سی ٹو کو اپ ڈیٹ کریں تاکہ وزارت آبی وسائل پلاننگ کمیشن سے اس کی منظوری کیلئے اقدامات کرے۔وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ متاثرہ آبی گزر گاہوں و ذخائر کی بحالی اور ترقی کے کاموں میں متعلقہ عوامی نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے اور ان کی آرا کو ترجیح دی جائے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ فصلوں کیلئے پانی کی فراہمی کو یقینی بنا کر گندم اور دیگرم زرعی اجناس کی امپورٹ پر خرچ ہونے والے اربوں ڈالر بچائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائر کی تعمیر اور اس کے استعمال کی جدید تکنیک کو اپنانا ہوگا تاکہ پانی کی کمی کے شکار علاقوں میں نہ صرف خشک سالی کے اثرات سے بچا جا سکے بلکہ فصلوں کی پیداوار اور مال مویشیوں اور جنگلی حیات کی بقا کیلئے بھی پانی کی دستیابی کو ممکن بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر مملکت وزارت آبی وسائل محمد علی شاہ اور سیکرٹری وزارت آبی وسائل حسن جامی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔۔