کے پی میں آٹے اور گندم کی قیمت کنٹرول کرنے کرنے کے لئے اقدامات کیے جائیں محمد شہباز شریف

لاہور(صباح نیوز)وزیر ِ اعظم میاںمحمد شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کے پی میں آٹے اور گندم کی قیمت کنٹرول کرنے کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ جبکہ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔ گندم کا غیر قانونی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تا کہ عام عوام تک آٹے جیسی بنیادی ضرورت کسی رکاوٹ کے بغیر پہنچے۔

وزیر ِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدرات پنجاب اور خیبر پختونخوا میں گندم کی خریداری اور رسد و طلب کے حوالے سے ہفتہ کے روز لاہور میں اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال گندم کی بھرپور فصل ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی بھرپور فصل کا فائدہ کسانوں تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہونگے۔وزیراعظم نے خیبر پختونخوا میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کے پی میں آٹے اور گندم کی قیمت کنٹرول کرنے کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب سے خیبر پختونخوا کو 10 کلو کے تین لاکھ آٹے کے تھیلے روزانہ مہیا کئے جا رہے ہیں جس پر وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو پنجاب سے خیبر پختونخوا کو آٹے کی فراہمی بڑھانے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے اس حوالے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹریز کو مل کر لایح عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ گندم کی غیر قانونی ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تا کہ عام عوام تک آٹے جیسی بنیادی ضرورت کسی رکاوٹ کے بغیر پہنچے۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب گندم کی پروکیورمنٹ کے حوالے سے ٹارگٹ جلد پورا کر لے گا۔چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ خیبر پختونخوا کو پاسکو کی جانب سے80 ہزار ٹن گندم کی ترسیل کا کام جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضی جاوید عباسی ،مشیر وزیرِ اعظم انجنیئرامیر مقام ،نگران وزیر اعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی ،وفاقی سیکرٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق،چیف سیکرٹریز پنجاب ،خیبر پختونخوا،اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔