کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے پیپلزپارٹی سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ، فیصل کریم کنڈی

ڈیرہ اسماعیل خان ( صباح نیوز)وفاقی وزیر مملکت برائے تخفیف غربت وسماجی تحفظ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے پیپلزپارٹی سنجیدہ اقدامات کررہی ہے ، ڈیرہ اسماعیل خان میں مقامی شوگرملوں کی جانب سے گنے کی کرشنگ کے سیزن کے اختتام پر بعض شوگرملوں کی جانب سے مقامی کاشتکاروں کو اپنے گنے کی ادائیگی نہ ہونا افسوسناک بات ہے، کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے حکومت کی جانب سے کئی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکٹ ہائوس میں مقامی کاشتکاروں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا ، وفد میں راجہ انور علی ، عظمت اللہ عرف منو خان ، متی خان ،حاجی عبدالرزاق اور حفیظ اللہ سمیت دیگر کاشتکار شامل تھے ، ملاقات میں پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ بھی موجود تھے ، اس موقع پر کاشتکاروں کے وفد نے انکو میرن شوگرملز ڈیرہ کی جانب سے مقامی کاشتکاروں سے کی جانے والی زیادتیوں اور اپنے گنے کی ادائیگی میں ملز انتظامیہ کی طرف سے لیت و لعل کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ زراعت کے شعبہ پر توجہ دینے سے ہی ملک میں زراعت ترقی کرتی ہے ، زراعت کا شعبہ ہماری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مقامی کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے مقامی انتظامیہ سے بات کی جائے گی ، بلکہ مقامی کاشتکارو ں کے مسائل اسلام آباد کے ایوانوں تک پہنچائے جائینگے۔