اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے ہدایت کی ہے کہ ملک میں یوریا کی بروقت پیداوار اور اسکی کسانوں تک ترسیل یقینی بنائی جائے۔جبکہ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کی فی ایکڑ لاگت کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔گزشتہ ایک برس میں حکومت نے کسانوں کی خوشحالی اور شعبہ زراعت کی ترقی کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے۔یوریا اسمگلنگ سے کسی کو کسانوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دونگا۔یوریا کھاد کی طلب و رسد کی کڑی نگرانی کی جائے۔یوریا کی پیداوار اور اسکی کھپت کو مد نظر رکھتے ہوئے صنعتوں کو گیس کی فراہمی اور بفر اسٹاکس کا ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔جبکہ وزیر اعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم رکھی جائے، نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ بدھ کے روز وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار و کھپت اور موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزر چوہدری ا طارق بشیر چیمہ، مخدوم سید مرتضی محمود،انجینئر خرم دستگیر خان، وزیرِ مملکت سینیٹر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، معاونینِ خصوصی جہانزیب خان، طارق باجوہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو ملک میں یوریا کھاد کی پیداوار اور کھپت کے اعداد و شمار کے ساتھ ساتھ یوریا صنعت کو گیس کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو موسم گرما میں بجلی کی پیداوار اور متوقع طلب کے حوالے سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔اسکے علاوہ اجلاس کو نیلم جہلم منصوبے کی بحالی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ منصوبے کی بحالی کا کام مکمل کرکے رواں سال جولائی میں اس سے کم لاگت بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔وزیر ِ اعظم نے نیلم جہلم منصوبے کی بحالی پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments