بھارتی جبرواستبداد کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہو چکا ، کل جماعتی حریت کانفرنس


سرینگر:مقبوضہ جموں وکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض بھارتی فوج کی جاری ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جبر واستبداد کی پالیسی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور وہ مکمل کامیابی تک اپنی جدوجہد جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے خالصتا ایک سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں جو مکمل طورپر انکی اپنی ہے۔انہوںنے بھارت پر زور دیا کہ وہ کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی اور غیر حقیقت پسندانہ طرز عمل ترک کر کے اس مسئلے کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جاسکے ۔

ترجمان نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے پاکستانی قیدی ضیاء مصطفی کے ضلع پونچھ میں ایک جعلی مقابلے میں قتل کی مذمت کی اور اس معاملے کی غیر جانبدانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔