کراچی ،الخدمت کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں روزہ داروں کیلئے دسترخوان قائم

 کراچی (صباح نیوز)الخدمت کراچی کے تحت روزہ داروں کیلئے ماہ مقد س میں دستر خوان قائم کیے گئے ہیں ،جہاں یومیہ ہزاروں افراد ان دسترخوانوں سے افطاری اور سحری کے اوقات میں استفادہ کر رہے ہیں ۔

یہ بات ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز الخدمت قاضی سید صدرالدین نے ایک خصوصی بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کی جانب سے ہرسال کی طرح اس رمضان المبارک میں بھی شہرکے مختلف علاقوں میں مسافروں ،راہ گیروں اور ضرورت مندوں کیلئے افطاری اور سحری کا اہتمام کیا گیا ہے ،ان دستر خوانوں پر یومیہ ہزاروں لوگ آکر سحری اور افطاری کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تمام دسترخوانوں کا انتظام الخدمت کے رضاکار انتہائی محنت کے ساتھ چلا رہے ہیں اور دسترخوان پر آنے والوں کی عزت نفس کا مکمل خیال رکھا جاتا ہے ۔

قاضی سید صدر الدین نے کہا کہ فی فرد افطار 200روپے مختص ہے جبکہ سحری پر بھی 200 روپے کا خرچہ آتا ہے ،یہ ایک بڑا پراجیکٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں روزہ رکھوانا اور افطار کروانا سنت ہے اوربڑے اجروثواب کا کام ہے ۔ماہ مقدس میں نیکیاں کمانے کیلئے اہل خیر اس منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔