کراچی ،24گھنٹوں میں ڈاکوؤں نے ایک بزرگ شہری کی جان لے لی ، مزاحمت پر10شہری زخمی


کراچی(صباح نیوز)کراچی میں 24گھنٹوں میں ڈاکوؤں نے ایک بزرگ شہری کی جان لے لی جبکہ مزاحمت پر فائرنگ کے واقعات میں 10شہری زخمی ہوگئے۔

لانڈھی شرافی گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر زوالفقار نامی شہری زخمی ہوگیا، اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر میں 25 سالہ صالح، بلدیہ ٹاؤن میں 45 سالہ محب، نادرن بائی پاس کے قریب 60 سالہ شرافت اور فیڈرل بی ایریا میں معاذ واسطی نامی نوجوان زخمی ہوا۔

نیو کراچی نمبر ساڑھے چھ کے قریب نصراللہ، دھوراجی میں حبیب شاہ، منگھو پیر میں عبدالمالک اور نارتھ ناظم آباد میں محمد نعیم ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں طارق روڈ کے قریب ملزمان نے 125 موٹر سائیکل چھیننے کی مزاحمت پر ایک دکان کے بوڑھے چوکیدار کی جان لے لی تھی۔

پولیس کے ناکے اورسنیپ چیکنگ ڈاکوؤں کا راستہ نہیں روک سکے جبکہ شہری خوف کا شکار ہیں۔