پاکستانی زکوٰة ،فطرہ ،صدقات وعطیات الخدمت کو دیں : نوید علی بیگ

کراچی(صباح نیوز)چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت کو بلاسود چھوٹے قرضوں کی فراہمی کے ”مواخات ”پروگرام ،شعبہ ڈائیگنوسٹک سروسز میں ایم آرآئی مشین ،کفالت یتامیٰ پروجیکٹ ،مسافروں کیلئے سحروافطار کے اہتمام اورسیلاب زدگان کی مدد کیلئے رقوم کی ضرورت  ہے۔ اہل خیر ان منصوبوں میں ہمارا ساتھ دینے کیلئے اپنی زکوٰة ،فطرہ ،عطیات اورصدقات الخدمت کو دیں ۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت سالانہ اربوں روپے سے لوگوں کی تعلیم ،صحت ،مواخات ، کفالت یتامی اورصاف پانی ،کمیونٹی سروسز اور ڈیزاسٹرمینجمنٹ کے شعبوں میں لوگوں کی خدمت کر رہی ہے ۔ الخدمت کی خدمات کی ایک مکمل تاریخ ہے ۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روزجاری خصوصی بیان میں کہی ۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت زلزلہ ،سیلابوں اور طوفانی بارشوں میں کراچی کے شہریوںاور ملک بھر کے عوام کی خدمت کر تی رہی ہے۔ کورونا کے خوفناک حالات میں بھی الخدمت نے بڑھ چڑھ کو امدادی کا م کیے۔ سیلاب سے متاثرہ پاکستانیوں کی بھر پور مدد کی۔مفت طبی سہولتیں فراہم کیں،بڑے پیمانے پر انہیں راشن ،اشیائے ضروریہ پہنچائیں۔ انہیں زمینوں کی بوائی کیلئے کھاد اور بیج فراہم کیے بلکہ اب سیلاب سے متاثرہ بے گھر خاندانوں کیلئے 500گھر تعمیر کرکے ان کے حوالے کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا صحراؤں میں پیاسوں کیلئے کنویں کھدوانا،صاف پانی فراہم کرنا ،ضرورت مندوں کو ان کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کے گھروں پر راشن پہنچانا ،یتیم بچوں کی کفالت اور آغوش ہوم جیسے اداروں میں بچوں کو رہائش ،تعلیم ،معیاری خوراک اور انہیں تفریح کے مواقع فراہم کرنا الخدمت کے اہم کام ہیں ۔ الخدمت نے ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی بھرپور مدد کی فلسطین ،شام ،روہنگیا سمیت دیگر ممالک میں بھی خدمات انجام دیتی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستانی خصوصاً اہل کراچی اپنی زکوٰة ،فطرہ ،عطیات اور صدقات الخدمت کو دیں ۔