الیکشن کمیشن نے کراچی کی 6 یونین کونسلزمیں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا

اسلام آباد(صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی درخواست پر کراچی کی چھ یونین کونسلزمیں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست دائر کی تھی، اور کراچی کی 6 یوسیز کے نتائج پر بیضابطگیوں کے الزامات لگائے تھے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے دلائل مکمل ہونے پر 14 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، جس کا فیصلہ بدھ کو سنا دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کراچی کی چھ یونین کونسلز میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا ہے۔فیصلے کے مطابق دوبارہ گنتی مومن آباد کی یوسی 3، منگھوپیر یوسی 12، ضلع شرقی کے علاقہ گلشن کی یوسی 1، اورنگی کی یوسی 3، 7 اور 8 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوگی،خیال رہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے اختتام کے بعد کچھ یونین کونسلز پر گنتی پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے جبکہ جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن میں 6 یونین کونسلز کے نتائج چیلنج کیے تھے۔

خیال رہے کہ 18 جنوری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں منعقدہ بلدیاتی انتخابات میں بے قاعدگیوں کے حوالے سے جماعت اسلامی کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے 6 یونین کونسلز کے کیسز کی سماعت 23 جنوری کو مقرر کی تھی۔جماعت اسلامی کا دعوی تھا کہ وہ جن نشستوں پر کامیاب ہوئے تھے ان کے نتائج تبدیل کر کے ان پر پیپلز پارٹی کو فاتح قرار دے دیا گیا، تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے ان تمام تر دعووں کو مسترد کردیا گیا تھا ۔۔