یہ 20 واں رمضان ہے جو عافیہ قید تنہائی میں گزارے گی۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

کراچی (صباح نیوز) عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عالم اسلام کو رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد پر مبارکباد دیتے ہوئے ائمہ مساجد، علمائے کرام اور پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ رمضان المبارک میں قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی و وطن واپسی اوروالدہ عصمت صدیقی کی مغفرت و درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ہر سال کی طرح اس سال بھی ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے احمد گھر میں نماز تراویح پڑھائیں گے۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے آغاز پر عافیہ کے تین کمسن بچوں سمیت اغواء کے 7300 دن مکمل ہو جائیں گے اور یہ 20 واں رمضان ہے جو کہ عافیہ قید تنہائی میں گزارے گی۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے گزشتہ دو دہائیوں میں عافیہ کی رہائی کے کئی مواقع عطا کیے جو کہ حکمرانوں نے ضائع کر دیئے ۔ اب پھر ایک موقع اور امید پیدا ہوئی ہے ،اسے ضائع نہیں کیا جانا چاہئے۔ موجودہ حکومت چاہے تو یہ سعادت حاصل کر سکتی ہے۔