ای سی سی اجلاس: کھاد کے پلانٹس کو مقامی گیس فراہم کرنے کی منظوری

اسلام آباد(صباح نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے کھاد پلانٹس کو مقامی گیس فراہم کرنے کی منظوری دیدی، بیرون ملک سے کھاد منگوانے کی تجویز مسترد کر دی گئی۔وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزارت صنعت و پیداوار نے ملک میں آئندہ خریف کی فصل کیلئے یوریا کھاد کی طلب و رسد اور ممکنہ قلت کا تخمینہ پیش کیا۔

ای سی سی نے یوریا کھاد کی درآمد کی تجویز مسترد کرتے ہوئے پیٹرولیم ڈویژن کو ہدایت کی کہ فرٹیلائزر پلانٹس کو مقامی گیس فراہم کی جائے تاکہ 2023 میں خریف کی فصلوں کیلئے یوریا کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق یوریا فرٹیلائزر پلانٹس کو 31 مئی 2023 تک گیس فراہم کی جائے گی۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد خریف کی فصل کیلئے یوریا کھاد کی ضروریات پوری کرنا ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ملک بھر میں فصلوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔