معاہدہ ہوگیا، پاکستان اپنی ضرورت کا ایک تہائی ایندھن روس سے خریدے گا، مصدق ملک


کراچی(صباح نیوز) وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے معاہدہ ہوگیا ہے، پاکستان اپنی ضرورت کا ایک تہائی ایندھن روس سے خریدے گا۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ مقامی صنعت کو تحفظ دینے سے اشیا سستی ہوتی ہیں، پیداوار بڑھانے سے خوشحالی آتی ہے، ٹیرف کا تحفظ خوشحالی نہیں لاتا ہے۔

مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سستا قرض اسکیم میں 600ارب کی فیکٹریاں لگالیں لیکن چلانے کے لیے گیس نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب اور بحرین سے سستی گیس اپنے فرٹیلائزرز سیکٹر کو دیتا ہے۔

وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ گیس کے شعبے میں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ ٹیرف کر دئیے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ گیس کا جتنا بل غریب دے گا اس سے چار گنا بل امیر دے گا، مقامی گیس کا سرکلر ڈیٹ ختم کر دیا ہے۔