وزیراعظم کی متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو جعلی کیڑے مار ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات

لاہور(صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کو جعلی کیڑے مار ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات کر دیں ،وزیراعظم نے کہا ہے کہ  افسوسناک امر ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک زرعی اجناس درآمد کرنا پڑ رہی ہیں،وزیراعظم نے کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کپاس کی فصل کو منافع بخش بنانے کیلئے ٹاسک دے دیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہفتہ کو  زرعی ٹاسک فورس کی طرف سے جاری اصلاحات اور کپاس کی آئندہ فصل کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو کپاس کی متوقع فی مجموعی پیداوار کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس میں اضافے کیلئے تجاویز سے آگاہ کیا گیا۔کپاس کی سپورٹ پرائس کی تجاویز بھی پیش کی گئیں. وزیرِ اعظم نے کہا کہ کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کیلئے فوری اور طویل مدتی اقدامات پر ابھی سے عملدرآمد شروع کیا جائے۔ کپاس کی سپورٹ پرائس اعشاریوں، فی ایکڑ لاگت اور کسان کو زیادہ سے زیادہ منافع کو ذہن میں رکھ کر طے کی جائے گی.

وزیرِ اعظم کو تحقیقی اداروں اور بیج کی سرٹیفیکشن پر بھی بریفنگ دی گئی. وزیرِ اعظم نے شفاف اور موثر سرٹیفیکشن کا طریقہ کار وضع کرنے اور صوبوں کو اس میں اپنا کردار ادا کرنے کا کہا. وزیرِ اعظم نے جعلی پیسٹی سائیڈ/کیڑے مار ادویات فروخت کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نبٹنے کی ہدایات دیں۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ ملکی زرعی پیداوار کو بہتر کر کے کے خوراک میں خودکفالت پاکستان کو بہت سے معاشی مسائل سے بچا سکتی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زرعی اجناس  کی عوام تک فراہمی سمیت فوڈ چین کو بہتر بنانے کے لئے لیے دیگر درپیش مسائل کو جامع حکمت عملی کے تحت موثر طریقے سے حل کیا جائے اورحکومت کی طرف سے زرعی پیداوار کو بڑھانے کے لئے شروع کی جانے والی  زرعی اصلاحات پر  کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔وزیراعظم نے مزیدہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر زرعی تحقیقی اداروں کو فعال بنایا جائے۔شہبازشریف نے کہا کہ افسوسناک امر ہے کہ پاکستان جیسے زرعی ملک زرعی اجناس درآمد کرنا پڑ رہی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے ملک میں کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کپاس کی فصل کو منافع بخش بنانے کیلئے ٹاسک دے دیا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کپاس کے کاشتکاروں کو انکی فصل کی منافع نخش قیمت کی ادائیگی یقینی بنائے گی۔وزیرِ اعظم نے جعلی کیڑے مار ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات کر دیں کہ کسانوں کو جعلی کیڑے مار ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے،کاشتکاروں کو معیاری بیج کی فراہمی کیلئے سیڈ سرٹیفیکشن شفاف اور موثر بنائی جائے۔اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونِ حصوصی جہانزیب خان، وزیرِ اعلی پنجاب سید محسن نقوی اور متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام نے شرکت کی۔