نجی ٹی وی کے مالک شعیب شیخ گرفتار

اسلام آباد(صباح نیوز) نجی ٹی وی کے مالک شعیب شیخ کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔ نجی ٹی وی چینل(بول ٹی وی) کے مالک شعیب شیخ کراچی سے اسلام آباد پہنچے تو ایف آئی اے نے انہیں ایئرپورٹ سے تحویل میں لے لیا۔

بول ٹی وی انتظامیہ کے مطابق کو چیئرمین شعیب شیخ کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا۔شعیب شیخ کو ایف آئی اے اسلام آباد زون نے گرفتار کیا، اور جی 13 دفتر منتقل کرے گی۔بول نیوز کے مطابق شعیب شیخ عدالت میں پش ہونے کیلئے اسلام آباد پہنچے تھے۔واضح رہے کہ ایگزیکٹ کے سربراہ اور بول ٹی وی کے کو چیئرمین شعیب شیخ پر منی لانڈرنگ سمیت کئی الزامات ہیںذرائع کے مطابق شعیب شیخ پر جج کو مبینہ رشوت دینے کا الزام ہے، اس سے قبل ایف آئی اے نے کئی بار پیشی کیلیے نجی ٹی وی کے مالک کو پیش ہونے کا حکم دیا مگر انہوں نے نوٹسسز کی پیروی نہیں کی۔ایف آئی اے کے متعدد نوٹس کے باوجود شعیب شیخ ایف آئی اے ہیڈ کواٹر پیش نہیں ہوئے۔

دوسری جانب ایف آئی اے کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شعیب شیخ کو اینٹی کرپشن سرکل نے گرفتار کیا، ملزم نے جعلی ڈگری اسکینڈل– Axact کے تحت سائبر کرائم سرکل میں درج مقدمے سے بریت حاصل کرنے کے لئے رشوت دی تھی۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے مقدمے سے بریت کے لئے سابقہ ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کو 50 لاکھ روپے رشوت دی، جس پر شعیب شیخ کیخلاف اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد میں مقدمہ درج ہوا تھا، مقدمے میں سابق ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد پرویز القادر میمن بھی نامزد ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے