میرٹ و انصاف کی بجائے پسند و نا پسند کی بنیاد پر عدالتی فیصلے قابل تشویش ہیں،محمد حسین محنتی

کراچی( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ میرٹ و انصاف کی بجائے پسند و نا پسند کی بنیاد پر عدالتی فیصلے قابل تشویش ہیں۔کمر توڑ مہنگائی اور پی ڈی ایم حکومت کے صرف ایک ماہ میں ملک کے مجموعی قرضوں میں40کھرب روپے تک کے اضافے کے،باوجودحکومتی عیاشیاں ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہیں، جبکہ مجموعی قرضے550  کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔پنجاب میں الیکشن شیڈول جاری ہونے کے باوجود حکومت التوا اور پی ٹی آئی الیکشن چاہتی ہے جبکہ ہمارا موقف ہے کہ ملک بھر کے انتخابات ایک ساتھ اور ایک دن میں ہونے چاہیں۔

ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں نظم صوبہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ اس وقت کراچی تا کشمور پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے کشمور،گھوٹکی سمیت سندھ کے بالائی اضلاع میں اغوا برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے عوام کے اندر عدم تحفظ کا احساس اور حکومت نام کی کسی چیز کا وجود نظر نہیں آرہا ہے، امن، خوشحالی سمیت ملک کو بحران اور عوام کو مسائل سے نجات صرف اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہی دلاسکتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ،کرپٹ قیادت اور فرسودہ نظام سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔