سندھ ہائی کورٹ ،11یوسیز میں انتخابات کرانے سے متعلق درخواست پر فریقین کو نوٹسز، 10روز میں جواب طلب


کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو 11 بلدیاتی یونین کمیٹیوں میں انتخابات کرانے سے متعلق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ 11نشستوں پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات نہیں ہوئے تھے۔ امیدواروں کے انتقال اور دیگر وجوہات کی بنا پر انتخابات نہیں کرائے گئے۔ 11نشستوں پر انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا گیا۔

درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن 11 نشستوں پر انتخابات کرانے سے گریز کر رہا ہے۔ مئیر شپ کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے فوری انتخابات کروائے جائیں۔ الیکشن کمیشن کو فوری 11 نشستوں پر انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 10روز میں جواب طلب کرلیا۔