خاندان کے نظام کو مستحکم کرنے میں ہی خواتین کو حقوق ملیں گے، محمد حسین محنتی

کراچی (صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ خاندان کے نظام کو مستحکم کرنے میں ہی خواتین کو حقوق ملیں گے ،اسلام نے خواتین کو جنس کے بجائے رشتوں سے جوڑا ہے، رشتوں کے حقوق مقرر کیے ہیں۔

عالمی یوم خواتین پرجاری اپنے پیغام میں صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ مغرب نے خواتین کا استحصال کیا ہے اور عالمی دن کا ڈرامہ رچا کر گمراہ کر رہا ہے۔خواتین کی آزادی وہی ہے جو گھر،خاندان، تربیت اولاد کی حدود میں ہو۔ماں، بہن، بیٹی کو وراثت نہ دینے والوں کے لیے سخت عذاب کی وعید ہے۔شیطانی فیمنسٹ ایجنڈہ کے خلاف مسلمان خواتین بڑی نظریاتی جدوجہد کریں۔

پاکستان کا مستقبل اسلام ونظریہ پاکستان سے وابستہ ہے اسلامی وخوشحال پاکستان کے لیے ملک میں حیا وحجاب کے کلچرکو عام کرنا ہوگا۔جماعت اسلامی نے عالمی یوم خواتین پر دنیا بھر کی خواتین کو خاندان کے استحکام کا آفاقی پیغام دیا ہے۔