خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کرانے کا معاملہ ، گورنر کو جواب جمع کرانے کیلئے دوروزکی مہلت


پشاور (صباح نیوز)پشاور ہائی کورٹ نے صوبہ خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کروانے کے حوالہ سے کیس میں گورنر کے پی حاجی غلام علی کو جواب جمع کروانے کے لئے دوروز کا وقت دے دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20فروری تک ملتوی کردی۔

خیبر پختونخوااسمبلی کے بروقت انتخابات کروانے کے حوالے دائر درخواست کی سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم اورجسٹس ارشد علی پر مشتمل دورکنی بینچ نے کی۔ پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سابق صوبائی وزیر شوکت علی یوسفزئی سمیت دیگر رہنما عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور گورنر کے پی حاجی غلام علی سے جواب طلب کیا تھا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جواب جمع کروادیا گیا۔

پی ٹی آئی وکیل معظم بٹ کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا  کہ الیکشن کمیشن نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کردی ہے تاہم گورنر کے پی کی جانب سے ابھی تک آئینی ذمہ داری پوری نہیں کی گئی، الیکشن کمیشن نے ان کوخط لکھ دیا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل کے پی عامر جاوید نے عدالت کو بتایا کہ گورنر مانسہرہ میں تھے اور وہ رات کو لیٹ پشاور پہنچے ہیں، ان کی جانب سے جواب تیار کر لیا گیا ہے اوریہ جواب دوروز میں عدالت میں جمع کروادیا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20فروری تک ملتوی کردی۔