لکی مروت میں دہشت گردوں کی فرار کی کوشش ناکام بنا دی گئی، آئی ایس پی آر


راولپنڈی(صباح نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے لکی مروت میں انٹیلی جنس کی اطلاعات پر آپریشن کیا گیا اور دہشت گردوں کی فرار ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے تبادلے میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 7 اور 8 فروری کی درمیانی شب کیا، منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردوں کو فرار ہونے کے لیے ایک گاڑی فراہم کی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور افغان کرنسی بھی برآمد ہوئی، سیکیورٹی فورسز علاقے میں کلیئرنس آپریشن کر رہی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ دہشت گردوں کی گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مانیٹرنگ کی گئی، مقامی عمائدین نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔