عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے،شبیر احمد شاہ


سری نگر:نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کا موثر نوٹس لیا جائے ۔

شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لیے معصوم شہریوں کو قتل کر رہی ہیں۔انہوں نے راجوری میں شہریوں کے قتل کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی کارستانی قرار دیااور کہا کہ بھارتی فوج اپنے مفادات کی تکمیل کے لیے لوگوں کو قتل کرنے کا ایک خوفناک ٹریک ریکارڈ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع اسلام آباد کے علاقے چھٹی سنگھ پورہ میں 35 سکھوں کا قتل اور وندھامہ میں 23 پنڈتوں کی ہلاکتیں اس بات کی واضح مثالیں ہیں کہ بھارت حق پر مبنی کشمیریوں کی تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے علاقے میں اقلیتی برادری کے افراد کا خون بہارہا ہے۔شبیر احمدشاہ نے راجوری کے ڈانگھری گاوں میں حالیہ ہلاکتوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دراصل ان ہلاکتوں کی آڑ میں علاقے میں بی جے پی کارکنوں کو مسلح کرنے کے لیے ایک میدان تیار کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈانگھری واقعے کے بعد بھارتی فوجیوں نے علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران درجنوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکیا ہے اور انکی بلا جواز گرفتار کا جواز پیدا کرنے کے لیے انہیں عسکریت پسند قرار دیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے۔