لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن)کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان کو ملک اور اسمبلیوں سے کچھ لینا دینا نہیں۔
جاری کئے گئے بیان میں عظمیٰ بخاری نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اس ملک اور اسمبلیوں سے کچھ لینا دینا نہیں، وہ حکومت میں رہتے ہوئے بھی کنٹینر پر چڑھے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پرویز الٰہی کو ایک دوسرے کی معاونت کرنی ہے، ہمارے پاس اختیار ہے کہ ہم عدم اعتماد کے ذریعے ان کو روکیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ہم نے اسٹیبلشمنٹ کے کردار پر ہمیشہ بات کی ہے، اگر غلطیوں کو سدھار کر آگے بڑھا جائے تو اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا، اللہ تعالیٰ نے نواز شریف کو کامیابی دی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پرویز الٰہی اتنی بڑی توپ چیز نہیں ہیں جن کی وجہ سے ن لیگ اپنی پالیسی بدلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنا اختیار استعمال کریں گے، الیکشن کے لئے بالکل تیار ہیں، الیکشن ہوا تو بھرپور انداز میں لڑیں گے۔