اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس پر بحرین، قطر اور مانچسٹر جانے والے مسافروں سے منشیات برآمد


اسلام آباد(صباح نیوز)اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف ) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر مختلف کارروائیوں میں بحرین، قطر اور مانچسٹر جانے والے مسافروں کے سامان سے منشیات برآمد کرلی۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 3 مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ پہلی کارروائی میں بحرین جانے والے خیبر کے رہائشی ملزم کے سینڈل سے 516 گرام آئس اور 104 گرام ہیروئین برآمدکرلی گئی۔

دوسری کارروائی میں قطر جانے والے ملزم کے ٹرالی بیگ سے 704 گرام چرس برآمد کرلی گئی۔ ملزم ہنگو کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔تیسری مشترکہ کارروائی میں اے این ایف اور اے ایس ایف نے مانچسٹر جانے والے ملزم سے 1200 نشہ آور گولیاں برآمد کرلیں۔ ملزم میرپور کا رہائشی ہے۔

علاوہ ازیں اینٹی نارکوٹکس فورس اور ائرپورٹ سکیورٹی فورس کی لاہور ائرپورٹ پر مشترکہ کارروائی میں بحرین جانے والی نارووال کی رہائشی خاتون کے بیگ سے 1 کلو 933 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔تمام کارروائیوں میں ملزمان کو گرفتار کرکے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے اور تحقیقات شروع کردی گئی ۔