ملک ڈیفالٹ کی کوشش ناکام ہوگی،عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں،شہباز شریف


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لئے سیاسی استحکام کو بنیادی شرط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سے وفاداری اور دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو ، پاکستان کا ڈیفالٹ کسی کی کوشش ہے تو ایسا نہیں ہوگا اور نہ کرنے دینگے، معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والے اب سیاسی نظام میں یہی کرنیکی سازش کررہے ہیں،عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں،اس کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

ایک بیان میںشہباز شریف نے کہا کہ آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی تھی اب عوام کو روٹی اور روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے، جبکہ سیاسی شرپسند انتشارپھیلا کردنیاکو بتانا چاہتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں، سیلاب متاثرین کو سردی، بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا حصہ نہیں، یہ سیاسی مطلب پرست اور خودغرض ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ملک ترقی کرناشروع کرتا ہے تو فسادی لشکرکیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ کوئی شک نہیں رہا کہ ایک ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی، سیاسی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے،عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں،اس کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی حالت پر رحم کریں، مہنگائی اور بیروز گاری کے عذاب سے انہیں نجات دلانا سیاست ہے، پاکستان سابق چار سال کی معاشی تباہی سے  زہرناک مہنگائی کا شکار ہوا، عوام کی زندگیوں سے مہنگائی کا زہر ختم کرنے دیں، رکاوٹیں مت کھڑی کریں، سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مظبوط کر سکتے ہیں۔