ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے،سراج الحق


پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کی ہو یا پی ڈی ایم کی قادیانیوں کی سازشوں کوروکنے میں ناکام رہی۔سابقہ اور موجودہ حکومت کے وعدوں اعلانات اور نعروں کے باوجود تاحال قادیانیوں کی طرف سے ملک کی نظریاتی اساس کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ ہمارے ایمان کا اہم ترین حصہ ہے۔ان عقائد کے حوالے سے آئین کے آرٹیکل اور قانون کی ہرشق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔ہر طرح کے غیر ملکی دبائو اور اندرونی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔حکومت نے اپنی ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا۔ آئین اور قانون موجود ہے لیکن حکومت کی چشم پوشی کی وجہ سے آج بھی قادیانی اہم حکومتی عہدوں پر موجود ہیں جس کی وجہ سے آئے روز نئی سازشیں نئے انداز میں ظاہر ہوتی ہیں۔حکومت ان کی سازشو ں پرفوری طور پر فیصلہ کن اقدامات اٹھائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز اسلامی پشاور میں مجلس تحفظ ختم نبوت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ کے پی پروفیسر محمد ابراہیم ،مولانا عبدالقدوس،مولانا قدرت اللہ اورصوبہ بھر سے آئے ہوئے علماء کرام اور ذمہ داران موجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ قادیانیوں نے کبھی بھی ختم نبوت کی شق کو نہیں مانا۔آج بھی بیرونی دنیا سے اس شق کے خاتمہ کے لیے دباو ہے۔ ختم نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کاحصہ ہے۔آج بھی طاغوت ختم نبوت کے قانون کے خاتمہ کے لیے کوشاں ہے مگر ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کے لیے غلامان مصطفی کو اکٹھا کررہے ہیں۔وطن عزیز کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے۔جماعت اسلامی نے سود کے خاتمہ کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر مکمل درآمدتک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی جھوٹ اور پراپیگنڈا پر مبنی سیاست نے معاشرے میں شدید سیاسی پولرائیزیشن پیدا کردی ہے جس سے عدم براشت اورگالم گلوچ کا کلچر فروغ پارہا ہے جو ہمارے ملک اور معاشرے کے لیے بہت خطرناک ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام سیاسی پارٹیاں اوران کے قائدین اخلاقی اقدار کا خیال کرتے ہوئے اپنے رویوں کا جائزہ لیں اور اس صورت حال کو ختم کرنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی حکومتوں کی مکمل ناکامی کی وجہ سے ملک کئی دہایاں پیچھے چلا گیا۔انکو مزید جتنا بھی موقع دیا جائے یہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتے۔اللہ نے اگر جماعت اسلامی کو موقع دیا تو ہم حقیقی معنوں میں ملک کو اسلامی ،فلاحی اور خوشحال بنائیں گے۔عوام کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین آپشن موجود ہے ۔عوام آزمائی ہوئی سیاسی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ انکو اپنے تمام حقوق مل سکیں۔