اسلام آباد(صباح نیوز):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے چارٹر آف اکانومی کے وژن سے تمام ادارے استحکام کی جانب گامزن ہوں گے، پاکستان کی66 فیصد آبادی30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اکنامک افیئرز میگزین کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے گزشتہ دور حکومت میں پاکستان یوتھ پروگرام کا آغاز کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان یوتھ پروگرام میں نوجوانوں کو زیرو ٹیکس پر مراعات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے سابقہ دور میں اس پروگرام سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں نوجوانوں کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے جیسے منصوبے شامل تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ چھوٹے کاروبارمیں بھی نوجوان طبقہ کو سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان کی66 فیصد آبادی30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہاکہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے چارٹر آف اکانومی کے وژن سے تمام ادارے استحکام کی جانب گامزن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک افیئرز میگزین کا اجرا پاکستان کی 75 سالہ تقریبات کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔میگزین میں پاکستان کی 75 سالہ معاشی کامیابیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں معاشی اتار چڑھائو کی تفصیلات بھی میگزین میں شامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اکنامک افیئرز میگزین کی سوشل میڈیا سمیت آن لائن دستیابی ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ میگزین میں انڈسٹری، ٹیکسٹائل، سمال میڈیم انٹرپرائزز میں ہونے والی پیشرفتوں کو اجاگر کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میگزین کا تسلسل سے اجرا اہمیت کا حامل ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کی لائبریریوں میں اس میگزین کی موجودگی کو ممکن بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں کو چاہئے کہ وہ اس طرح کے میگزینز کو سپورٹ فراہم کریں۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے میگزین کے ساتھ منسلک ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے ۔