آزادی مارچ میں پاکستان بھر سے آنے والوں کا شکرگزار ہوں،عمران خان


  لاہور(صباح نیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ میں پاکستان بھر سے  آنے والوں کا شکرگزار ہوں ۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پربیان میں عمران خان نے کہا کہ راولپنڈی آزادی مارچ میں پاکستان بھر سے تمام آنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے لکھا ہے کہ ہماری تحریک قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کے قیام تک جاری رہے گی۔

سابق وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام کے ساتھ جلسے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ ایک اورٹویٹ میں  سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حیران ہوں کہ ہم کتنی تیزی سے ایک فاشسٹ ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں، سینیٹر اعظم سواتی کو حراست میں تشدد اور بلیک میل کرنے والی ویڈیو انکی بیوی کو بھیجی جانے والی تکلیف کو کوئی کیسے نہیں سمجھ سکتا؟۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ناانصافی پر اعظم سواتی کا غصہ اور مایوسی جائز ہے،خاص طور پر سینیٹرز کی طرف سے ان کی حمایت میں اپیلوں کے پندرہ دن سے زیادہ کے باوجود سپریم کورٹ کے دروازے ان کے لئے بند رہے۔عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ وہ ٹویٹ کرتا ہے اور دوبارہ گرفتار ہو جاتا ہے، اس ریاستی فاشزم کے خلاف سب کو آواز اٹھانا ہوگی۔

 اعظم سواتی کی گرفتاری کے حوالے سے فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں  کہا کہ اگر آپ لوگوں کو غیر قانونی طور پر  اگراغوا ء کریں گے ،ان پر تشدد کریں گے، ان کی خواتین کی ویڈیوز بنائیں گے تو ان سے آپ خوفزدہ ہونے کی توقع کرتے ہوں گے لیکن اب معاملہ خوف سے نکل گیا ہے، ایسے ہتھکنڈے صرف نفرتیں پیدا کریں گے ۔

سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا اعظم سواتی کی گرفتاری کے حوالے سے کہنا تھا کہ  سینیٹر اعظم خان سواتی کو ایک بار پھر گرفتار کیا گیا جو قابل مذمت ہے ۔انہوں نے عدالت کا دروازہ  کھٹکھٹایا لیکن انکو اور انکی اہلیہ کو انصاف نہ مل سکا۔ سپریم کورٹ اس کیس کا سوموٹو لیں اور ایک 74 سالہ سینیٹر کو انصاف فراہم کریں۔