اسلام آباد (صباح نیوز) صدر وزیراعظم چیئرمین سینیٹ اسپیکر قومی اسمبلی وفاقی وزرا ء اور دیگر نے معروف عالم دین مفتی رفیع عثمانی کے انتقال گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اعلی قیادت نے مفتی اعظم کی ملک و قوم کے لئے اہم خدمات کے حوالے سے خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خان نے معروف عالم دین مفتی رفیع عثمانی کے انتقال گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مفتی رفیع عثمانی کے لواحقین سے تعزیت کااظہارکیا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مفتی محمد رفیع عثمانی کی اسلام اور پاکستان کیلئے خدمات بے مثال ہیں، ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مفتی محمد رفیع عثمانی کا انتقال عالم اسلام کا نقصان ہے،اللہ تعالی مفتی محمد رفیع عثمانی کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی رفیع عثمانی کا انتقال ناقابل تلافی نقصان ہے۔ مرحوم کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، مریم اورنگزیب نے دعا کی کہ اللہ تعالی مفتی رفیع عثمانی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بھی ممتاز عالم دین مولانا مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ مولانا مفتی رفیع عثمانی کے انتقال سے ملک ایک ممتاز عالم دین سے محروم ہو گیا ہے، مفتی رفیع عثمانی کی دینی و علمی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،
ا سپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ مفتی رفیع عثمانی کا انتقال نہ صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کے لئے بڑا نقصان ہے، مولانا مفتی رفیع عثمانی ہمیشہ امن، بھائی چارے اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے کوشاں رہے، اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمائے۔مرکزی سیکرٹری جنرل جے یو آئی سنیٹر مولانا عبدالغفورحیدری نے بھی مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مفتی اعظم پاکستان مفتی رفیع عثمانی کا سانحہ ارتحال علمی دنیا کانا قابل تلافی نقصان ہے ۔عالم اسلام ایک جید ،ثقہ اور دور اندیش عالم سے محروم ہوگیا ۔مفتی رفیع عثمانی رحمہ اللہ بہترین خطیب ، محقق عالم اور درد دل رکھنے والے عالم و مفتی تھے ۔مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی ،جامعہ دارالعلوم کراچی ،وفاق المدارس العربیہ اور دنیا بھر میں انکے شاگردوں سے تعزیت کرتے ہیں ۔اللہ پاک انکی دینی اور ملی خدمات کو اپنے بارگاہ میں قبول فرمائے ۔
جے یو آئی کے دیگر رہنما ؤں مولانا قمر الدین ،مولانا ابو الفتح محمد یوسف ،سائیں عبدالقیوم ہالیجوی ،محمد اسلم غوری ،مولانا امجد خان ،اکرم خان درانی اور مفتی ابرار احمد خان نے بھی مفتی اعظم مفتی رفیع عثمانی کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ مفتی اعظم مفتی رفیع عثمانی کی وفات پر دل غمزدہ ہے ۔مولانا امجد خان نے کہا کہ مفتی صاحب مرحوم جدید و قدیم علوم کا سنگم تھے ۔سائیں عبدالقیوم ہالیجوی نے کہا ہے کہ مفتی صاحب نے ہمیشہ دینی تحریکات کی سرپرستی کی ۔مفتی ابرار احمد خان نے کہا ہے کہجامعہ دارالعلوم کراچی کا باطنی و ظاہری حسن مفتی رفیع عثمانی کے حسن ذوق کا آئنیہ دار ہے ۔اکرم خان درانی نے کہا کہ ہم ایک بڑے انسان سے محروم ہوگئے مولانا قمر الدین نے دعا کی ہے کہ اللہ کریم حضرت کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے آمین۔