اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر نارکوٹکس کنٹرول نوابزادہ شازین بگٹی نے کہاہے کہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے کوشاں ہیں ،وزارت نارکوٹکس کنٹرول منشیات کے استعمال کے روک تھام کے لیے تمام تر ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے ، نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے خواتین کے پارلیمانی کاکس کے وفد اور پارلیمانی سیکرٹری صنعت و پیداوار ڈویژن ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی سے ملاقات میں کیا ۔ملاقات کے دوران ڈاکٹر سیدہ شاہدہ رحمانی نے پاکستانی نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے وزارت نارکوٹکس کنٹرول پر زور دیا کہ وہ ملک میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے زیادہ سے زیادہ موثراقدامات کرے۔وفاقی وزیر نے وفد کو مختلف قانون سازی کے حوالے سے آگاہ کیا جو وزارت انسدادی اقدامات کے طور پر کر رہی ہے۔
حال ہی میں شروع ہونے والے نیشنل ڈرگ یوز سروے پاکستان2022-24 کا حوالہ دیتے ہوئے نوابزادہ شازین بگٹی نے کہا کہ ڈرگ یوز سروے کی بدولت ملک میں منشیات کے استعمال کی صورتحال کا جائزہ لینے میں مدد ملے گی اور منشیات کے استعمال کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی وضع کرنے میں معاونت ثابت ہو گی ۔۔