عمران خان کو فارن فنڈنگ، کرپشن اور منی لانڈرنگ کا جواب دینا ہوگا، جہاں مرضی مقدمہ کریں، رسیدیں دینا ہوں گی، مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو عدالت جانے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بس بہت ہوگیا، فارن فنڈنگ، کرپشن اور منی لانڈرنگ کا جواب تو دینا پڑے گا۔بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گھڑی عمران خان نے 2 کروڑ کی خریدی اور ہینڈلرز کے ذریعے 28 کروڑ کی بیچی، پیسے منی لانڈر ہو کر پاکستان آئے اور ڈکلئیر نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان، دبئی، مریخ یا پھر چاند جہاں کہیں بھی مقدمہ کریں، رسیدیں تو وہاں بھی دینا پڑیں گی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان بڑھکیں نہ ماریں، سوال یہ ہے کہ گھڑی دو کروڑ کی لی، 28 کروڑ میں بیچی، پیسے پاکستان فرح گوگی لائیں اور پیسے ڈکلئیر نہیں کئے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اعلان نہ کریں، عدالت جانے کی تاریخ بتائیں۔ عدالت جانے کی تاریخ کے ساتھ گھڑی بیچنے کی رسید بھی ٹویٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2 کروڑ میں گھڑی لے کر 28 کروڑ میں بیچ دی اور اسے ڈکلئیر نہیں کیا، اس میں شاہ زیب، جیو اور میر ابراہیم کا کیا قصور؟

انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب بتائیں کہ گھڑی کے پیسے پاکستان کون لایا اور کیسے لایا؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان آپ کے ہینڈلرز فرح گوگی اور شہزاد اکبر پکڑے گئے ہیں، عمران خان نے دوسروں پر جھوٹے الزمات لگائے، جب خود رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تو کہا کہ بے بنیاد الزام ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹے الزامات پر سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں رکھا اور خود پرجرم ثابت ہوا تو بیس لیس کی گردان شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے توشہ خانہ کیس کے کسی نوٹس کا جواب نہیں دیا اور کسی تفتیش میں شامل نہیں ہوئے ۔