ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کو مجموعی طور پر برتری حاصل


لاہور،پشاور، کراچی(صباح نیوز)سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج  کے مطابق مجموعی طور پر تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کی چھ جبکہ پنجاب اسمبلی کی دو نشستوں پر فتح حاصل کر لی ہے،

پی پی 139 شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو جیت گئے،کامیاب امیدواروں کے حامیوںکا جشن ۔صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہی۔ قومی اسمبلی کی مردان،چارسدہ، پشاور، فیصل آباد کی نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے، ننکانہ، ملتان اور کراچی میں ملیر، کورنگی کی نشستوں پر بھی ووٹنگ ہوئی۔ قومی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہوئی تھیں، پنجاب اسمبلی کی نشستوں میں پی پی139شیخوپورہ پر ووٹنگ ہوئی۔ پی پی209 خانیوال، پی پی241 بہاولنگر میں بھی ووٹ ڈالے گئے۔

این اے 22 مردان کے 330 مکمل پولنگ اسٹیشن  کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان66  ہزار سے زائد   ووٹ لے کر پہلے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم نے 59  ہزار سے زائد ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔ این اے 24 چارسدہ 2 کے 384  پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 64 ہزار سے زائد ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان نے 57 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر سکے۔این اے 31 پشاور کے  تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ آگیا، جس کے مطابق  تحریک انصاف کے عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔ اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 253 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

این اے 108 کے 354 پولنگ اسٹیشنز  کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آئی ہیں، جس کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 79453 ووٹ لے کر آگے، جبکہ ن لیگ کے عابد شیر علی 59187 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔  این اے 118 ننکانہ صاحب کے  غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ  کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 59815 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 53528  ووٹ حاصل کیے۔ این اے 157 ملتان کے  تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا۔  پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسی گیلانی 79743 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔ پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ حاصل کیے۔ این اے 237 کراچی ملیر کے  194  پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیرحتمی نتیجہ سامنے آگیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ  30 ہزار سے زائد ووٹ لے کر آگے جبکہ عمران خان 20 ہزار سے زائد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ این اے 239 کراچی، کورنگی   پی ٹی آئی کے عمران خان  پہلے نمبر جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیئر رضا دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پی پی 139 شیخوپورہ کے 151 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق  پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو 39 ہزار سے زائد ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے محمد ابوبکر 36 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرنے کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ پی پی 209 خانیوال کے تمام 176 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ موصول ہوگیا، جس کے مطابق تحریک انصاف کے محمد فیصل خان نیازی 71586 ووٹ لے کر کامیاب  ہوگئے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری ضیا الرحمان نے 57864 ووٹ حاصل کیے۔پی پی 241 بہاولنگر 5 کے  غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان55 ہزار سے زائد ووٹ لیکر پہلے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستار44 ہزار سے زائد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ ضمنی انتخابات کے لئے 11 حلقوں میں 2 ہزار 937 پولنگ اسٹیشنز اور 9 ہزار 869 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے، 747 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور 694 حساس قرار دیئے گئے۔الیکشن کمیشن نے سیکیورٹی اداروں کے متعلقہ انچارجز کو مجسٹریٹ کے اختیارات تفویض کئے ہیں۔