بزدل انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، جلد کال دینے والا ہوں،عمران خان


راولپنڈی (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ زیادہ دیر نہیں ہے میں کال دینے والا ہوں، ہم سب نے فیصلہ کیا ہے اس بار قوم کھڑی ہو گی، یہ جو چوروں کا ٹولہ اوپر بٹھایا ہے اوران کے ہینڈلر ، ان کے سامنے انشاء اللہ ساری قوم کھڑی ہو گی اوراس ملک کو حقیقت طور پر آزاد رکھیں گے۔ جیل تو چھوٹی چیز ہے ہم جان کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ بزدل انسان کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، وہ نواز شریف بن جاتا ہے، وہ جب مشکل آتی ہے دُم دبا کر لندن بھاگ جاتا ہے۔

ان خیالات کااظہار عمران خان نے پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی راولپنڈی میں طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا  کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں  جو جہاد ہورہا ہے وہ دل میں ہورہا ہے، گھروں میں بیٹھ کر بے چارے کڑھتے ہیں کہ دیکھیں کتنا ظلم ہو گیا، کہ بڑے ، بڑے ڈاکوئوں کو چھوڑا جارہا ہے ، صرف چھوٹے چور جیل میں جاتے ہیں، ملک کا نظام ایسا بنادیا ہے کہ اگر آپ نے آج ڈاکہ مارنا ہے تو چھوٹی چوری نہ کرو بلکہ بڑا ڈاکہ مارو۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ملک کا یہ حال ہے کہ میں جس کو 50سال سے پاکستانی قوم جانتی ہے، کیونکہ میں ان چوروں کے سامنے کھڑا ہوا ہوں، ہر روز میرے اوپر نئی ایف آئی آر کٹتی ہے اور ہر روز میں عدالتوں میں جاتا ہوں۔ ابھی اس فنگشن کے بعد میں اپنی ضمانت کرانے کے لئے عدالت جائوں گا۔ عمران خان نے کہا کہ میں بارانی یونیورسٹی کیوں آیا، آپ سب کو تیار کرنے کے لئے۔ میری والدہ جب طالب علم تھیں تواس وقت طلباء نے تحریک پاکستان میں جدوجہد کی اور آج آپ سب طلباء نے حقیقی آزادی لینے کے لئے جدوجہد کرنی ہے کیونکہ زنجیریں گرتی نہیں توڑنا پڑتی ہیں اور آزادی ملتی نہیں، چھیننی پڑتی ہے۔ امریکہ کی سازش کے تحت جو ہمارے اوپر چور مسلط کئے ہیں، جو 30سال حکومت کو لوٹ رہے تھے، ان کو مسلط کیا گیا اور امریکہ کے غلاموں کو ہمارے اوپر بٹھایا گیا، یہ چورسارے اپنے کیسز ختم کررہے ہیں، ان کے اربوں روپے کی چوری کے کیسز ہر روز ختم ہورہے ہیں، عوام مہنگائی میں ڈوب رہی ہے، معیشت تباہ کردی،

وزیر اعظم امریکہ میں جا کربھیک مانگ رہا ہے کہ ہمیں پیسے دے دو نہیں تومرجائیں گے۔ شرم ان کو خود نہیں ہے، ملک کو ذلیل کررہا ہے اور پھر قوم کو مقروض کر کے یہاں سے پیسہ چوری کر کے باہر اور سارے باہر بڑے، بڑے محلات میں رہ رہے ہیں، ملک میں آتے ہیں ، حکومت کر کے پیسہ لوٹ کر پھر باہر چلے جاتے ہیں اور لوگوں کو سمجھتے ہیں کہ بھیڑ بکریاں ہیں۔ میں آپ سب کو کال دوں گااور سب سے آگے میں خود ہوں گا، جیل تو چھوٹی چیز ہے ہم جان کی قربانی دینے کے لئے تیار ہیں۔ میرے سامنے مستقبل کے لیڈرز کھڑے ہیں، آپ سب نے تیاری کرنی ہے اور یہ نہیں سمجھنا کہ یہ سیاست ہے ، یہ جہاد ہے۔ ابھی کراچی میں سندھ کا گورنر بنایا ہے جو مجرم ہے۔ آج اس پاکستان میں جب تک کوئی جرم نہ کیا ہو کوئی بڑا عہدہ نہیں ملتا، اس لئے اب قوم نے نکلنا ہے ،جب دنیا کے اندر انقلابات آئے ہیں توسب سے زیادہ طالب علموں نے اس میں شرکت کی ہے۔