حیدر آباد، انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق،11زخمی


حیدرآباد(صباح نیوز)حیدر آباد میں انڈس ہائی وے پر ٹریفک حادثے میں 13 افرادجاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی جامشورو جاوید بلوچ کے مطابق انڈس ہائی وے پر ٹرک اور بس میں تصادم  کے نتیجے میں 13افراد جاں بحق اور11 زخمی ہو گئے،لاشوں اور زخمیوں کو جامشورو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی جامشورو نے کہا کہ جاں بحق افراد میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ جاں بحق افراد کا تعلق بہاولپور سے بتایا گیا، حادثے کے 4 جاں بحق افراد کی شناخت ہو گئی، 22 سالہ ثمر عباس، مختیار حسین، 40 سالہ ندیم احمد اور 2 سالہ خدیجہ جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں،

زخمیوں میں محمد اشرف، عتیق الرحمان، محمد ظفر، جاوید، حسنین، خاتون راجپوت، نورین راجپوت، راشد، محمد طارق، وسیم، ضمیرہ بلوچ سمیت دیگر شامل ہیں۔