کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سندھ میں مسلسل پیپلزپارٹی کی حکومت نے وڈیرہ شاہی نظام کو مزید طاقتور بنادیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں پر مظالم کا بدترین سلسلہ جاری ہے، شہید ناظم جوکھیو کاخون سندھ حکومت ،وڈیرہ شاہی اور سرداری نظام کی وجہ سے انصاف اور قاتلوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کی بجائے معافی تلافی سے آگے نہیں بڑھ سکا ہے، سندھ کے لوگوں کو حالیہ بارشوں اور سیلاب میں حکمرانوں نے اکیلا چھوڑدیا ہے ان کی دادرسی کی بجائے کٹ لگاکر مزید علاقوں کو ڈبودیا گیا تاکہ بیرونی امداد ہڑپ کی جاسکے،جماعت اسلامی بلا کسی اختیار اور اقتدار کے ہر جگہ اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی دن رات خدمت کرنے میں مصروف عمل ہے۔ سندھ بھر متاثرین کے لیے ٹینٹ سٹی قائم گئے ہیں جہاں ان کو ہرقسم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹکری گوٹھ گڈاپ ملیر میں سیلاب متاثرین کے لیے قائم الخدمت خیمہ بستیوں کا دورہ، متاثرین سے ملاقات اور انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع شمالی وسطی کے جنرل سیکرٹری عرفان احمد، سومار برفت ، امتیاز پالاری و مجاہد چنا ودیگر مقامی ذمے داران بھی انکے ساتھ موجود تھے۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ الخدمت اور جماعت اسلامی پر نہ صرف ملکی بلکہ عالمی اداروں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے، حالیہ سیلاب میں ابھی تک اربوں روپے کی امدادی اشیائ تقسیم کرچکے ہیں جبکہ سیلاب زدگان کی بحالی اور گھروں میں منتقلی تک خدمت کا یہ کام جاری رہے گا ،گڈاپ میں قائم الخدمت خیمہ بستی میں جماعت اسلامی نے بہترین سہولیات فراہم کی ہوئی ہیں متاثرین کیلئے کھانے،صاف پانی، بچوں کیلئے دینی اور دنیاوی تعلیم سمیت علاج معالجے کی تمام تر سہولیتں موجود ہیں۔سندھ کو ڈبونے والے کرداروں سے لوگ اچھی طرح سے واقف ہوچکے ہیں جو عوام کا درد بیچ کر اپنے بینک اکاؤنٹ اور گدام بھرنے میں مصروف ہیں،آج سندھ کا صوبہ دنیا کے سب سے بڑی جھیل کا منظر پیش کررہا ہے جہاں لوگ اپنے گھروں، فصلوں، قیمتی املاک اور اپنے پیاروں سے محروم ہوکر دربدر ہورہے ہیں جبکہ سندھ کے حکمران ان کے نام پر آنے والے بیرونی امداد کو مستحقین تک پہنچانے کی بجائے ذخیرہ اندوزی اور اقرباپروری کے ذریعے لوٹنے میں مصروف ہیں ایسے لوگوں سے بھلائی کی توقع رکھنا عبث ہے ایسے لوگوں میں ہمدردی اور انسانیت نام کی چیز موجود ہی نہیں ، بارش،سیلاب اور حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے آج سندھ کے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں ایسے میں جماعت اسلامی ان کے دکھوں کا مداوا کرنے کیلئے میدان عمل میں موجود ہے، ان شائ اللہ ہم سیلاب متاثرہ آخری شخص کی بحالی تک خدمت کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔