اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)نے مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر تازہ ترین رپورٹ جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 57 افراد زندگی کی باز ی ہار گئے، سندھ میں 38 ، خیبر پختونخوا میں 17، کشمیر اور بلوچستان میں 1ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں زخمی افراد کی کل تعداد 7683ریکارڈ کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 1265ہوگئی ہے۔24گھنٹوں میں سیلاب کے باعث بلوچستان میں 500کلو میٹر سڑک کو نقصان پہنچا ہے، ملک بھر میں 5563 کلو میٹر سڑک حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئی ۔
چوبیس گھنٹوں میں مزید 3766 مال مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے، ملک بھر میں کل 7لاکھ 35ہزار 584مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے، 8 لاکھ 97 ہزار 567 گھروں کو جزوی طورپر نقصان پہنچا جبکہ بارشوں اور سیلاب سے 5لاکھ 29ہزار 472گھر مکمل تباہ ہوگئے۔
ملک بھر میں 80اضلاع بارشوں اور سیلاب سے تاحال متاثر ہیں، ملک بھر میں 3کروڑ 30لاکھ 46 ہزار 329 افراد بارشوں سے براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔